کوئٹہ (این این آئی) کوئٹہ میں پولیس کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق پیر کو جوائنٹ روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار نعمان شہید ہو گئے۔ اس واقعے میں پولیس اہلکار جنید اور راہگیر عطا محمد، حارث اور خالد زخمی ہوئے۔
واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔


