پاکستان نے سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق حملوں میں پائپ لائن کو نقصان پہنچا جبکہ شہری بھی زخمی ہوئے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور خطے کے امن، سلامتی و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ پاکستان نے سعودی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
پاکستان نے کہا کہ وہ خطے میں امن اور استحکام کے حصول کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔ دفتر خارجہ نے شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی بھی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ڈرون حملہ عراقی سرزمین سے کیا گیا اور ریاض و مدینہ میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ تنصیبات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
دوسری جانب عراقی وزیراعظم نے سعودی عرب سے جوابی کارروائی نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ عراقی وزیراعظم نے تصدیق کی کہ حملے کے لیے عراقی سرزمین استعمال ہوئی، اعلیٰ فوجی کمانڈر کو برطرف کیا اور ایران سے منسلک شلمچہ سرحد بند کرنے کا اعلان کیا۔
عراقی حکومت نے سعودی عرب کی جانب سے جوابی کارروائی مؤخر کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی سلامتی اور استحکام کو نشانہ بنانے والا کوئی بھی حملہ قابل قبول نہیں۔


