وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکپتن کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل، ضروریات اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کرنے والوں میں فاروق احمد مانیکا، چودھری جاوید احمد، عمران اکرم اور سردار منصب علی ڈوگر شامل تھے۔
ارکان اسمبلی نے پاکپتن میں شہری اور دیہی ترقی سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے الیکٹرو بس کے اجرا اور دیگر ترقیاتی منصوبے شروع کرانے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور پاکپتن الیکٹرو بس منصوبہ کو دہائی کا گیم چینجر منصوبہ قرار دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کو پاکپتن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار، رفتار اور شفافیت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔ ارکان اسمبلی نے پاکپتن شہر کی خوب صورتی کے اقدامات پر وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
صوبائی ارکان اسمبلی نے عارف والا اور پاکپتن کے لیے جدید ترین نواز شریف اسکولز آف ایمننس کے قیام پر بھی اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بابا فرید کی دھرتی پر جدید ترین الیکٹرو بسیں شروع کرنے پر عوام کی طرف سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
پاکپتن میں 15 ماحول دوست الیکٹرو بسیں تین بڑے روٹس پر عوام کو سفری سہولت فراہم کر رہی ہیں۔ جنرل بس اسٹینڈ پاکپتن سے عارف والا، بنگہ حیات اور نورپور سیال روٹس پر ہزاروں مسافر مستفید ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکپتن سمیت ہر شہر اور گاؤں کی ترقی و بہتری ان کا نصب العین ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ برسوں سے نظرانداز پاکپتن بھی ترقی کی راہوں پر گامزن ہے اور وہ ہر شہر و علاقے کے ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کر رہی ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کو بہتر سے بہترین صوبہ بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔


