وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ۔ فائل فوٹو: اے پی پی
بہاولپور (اے پی پی) وفاقی محتسب پاکستان نوید کامران بلوچ نے جمعرات کو بہاولپور کے علاقائی دفتر کی نئی عمارت کا افتتاح کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ دفتر آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔
افسران اور عملے سے الگ ملاقاتوں میں انہیں دفتر کی کارکردگی، زیرِ التوا شکایات، شکایت کنندگان کی سہولتوں اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے دفتر کی صفائی، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا، دفتر کی ضروریات اور مطالبات کی منظوری دی اور ان پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کی۔
نوید کامران بلوچ نے کہا کہ شہریوں کو آگاہ کیا جائے کہ وہ وفاقی محکموں کی بدانتظامی، غیر ضروری تاخیر اور ناانصافی کے خلاف وفاقی محتسب سے رجوع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ادارے کے دائرۂ اختیار میں آنے والی شکایات پر جلد کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں بھی انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ اپنی شکایات کے ازالے کے لیے وفاقی محتسب کے دفاتر سے رابطہ کریں۔
دورے میں کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب ڈاکٹر محمد زاہد ملک ان کے ہمراہ تھے۔ علاقائی سربراہ بہاولپور شوکت محمود نے وفد کا خیرمقدم کیا اور دفتر کی سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔ سینئر ایڈوائزر طاہر نواز خان، ایسوسی ایڈوائزر باسط عزیز خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر حسن غلام محمد بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر وفاقی محتسب کو بہاولپور کی روایتی پگڑی، اجرک اور یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔


