وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چودھری نے بھارت ویمنز کا ٹرافی انکار پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سفارتی اور عسکری میدان میں شکست کے بعد اسپورٹس کلچر کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے سیاست اور کھیل میں فرق ختم کر دیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان نے کبھی کھیل کو سیاست کی نذر نہیں کیا۔
طلال چودھری نے کہا کہ بھارت ٹرافی لے یا نہ لے، وہ سفارتی اور عسکری میدان میں شکست کی خفت مٹانا چاہتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت اسپورٹس اور بین الاقوامی معاہدوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی مصروفیات کے باوجود گراؤنڈ میں موجود تھے۔ ان کے مطابق بھارت ویمنز نے ایشیا کپ جیتنے کے بعد محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کیا۔
طلال چودھری نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ دنیا کا کوئی ملک کھڑا نہیں اور نفرت کی سوچ کے باعث وہ عالمی سطح پر تنہا ہوتا جا رہا ہے۔


