کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستانی معروف اداکار ببرک شاہ نے اپنے کم سن بیٹے کی المناک موت اور اس سانحے کے بعد اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔
حال ہی میں ببرک شاہ نے ایک نجی فیشن میگزین کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنے بیٹے کی موت کے واقعے اور اس کے بعد اپنی زندگی پر مرتب ہونے والے اثرات کے بارے میں گفتگو کی۔
اداکار نے بتایا کہ ان کے بیٹے کے حوالے سے ایک عجیب بات یہ تھی کہ وہ 21 رمضان کو پیدا ہوئے اور جب دنیا سے رخصت ہوئے تب بھی رمضان کا مہینہ تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عام طور پر اولاد اپنے والدین کو دفناتی ہے لیکن اس مرتبہ انہیں اپنے بیٹے کو دفنانا پڑا۔ صدمے کے باعث وہ چھ ماہ تک گھر سے باہر نہیں نکلے اور اہلیہ کا غم کم کرنے کے لیے انہوں نے گھر میں مزاحیہ انداز اپنایا۔
یاد رہے کہ دسمبر 2022 میں لاہور کی ایک رہائشی سوسائٹی میں ڈوبنے کے واقعے میں ان کے سب سے چھوٹے بیٹے زاویار شاہ کا انتقال ہو گیا تھا۔


