بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ابھی کام چھوڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
ممبئی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن نے ایک انٹرویو میں فلم سازی اور ریٹائرمنٹ سے متعلق گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ہدایت کار بننے کا خیال بھی کبھی میرے ذہن میں نہیں آیا، کیونکہ میں اس فن کو اتنی اچھی طرح نہیں جانتا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ دوسرے تخلیقی افراد مجھے چیلنج دیتے ہیں اور میں اسے قبول کر لیتا ہوں، لیکن اس سے آگے میں نے کبھی نہیں سوچا۔ ریٹائرمنٹ کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میں کام چھوڑنے کے بارے میں کیوں سوچوں اور لوگ مجھے ریٹائر کرانے کے لیے کیوں بے تاب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں موت کے منہ تک پہنچ چکا تھا اور پھر مجھے زندگی ملی، کوئی نہ کوئی ہستی ان برسوں میں میری حفاظت کرتی رہی ہے۔ امیتابھ بچن آج کل ٹیلی ویژن کے معروف پروگرام کون بنے گا کروڑ پتی کے اٹھارہویں سیزن کی میزبانی کر رہے ہیں۔


