نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک)۔ بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار پریادرشن نے فلم ہیرا پھیری 3 کے مستقبل کے حوالے سے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں فلم کی تکمیل مشکل دکھائی دیتی ہے۔ چھہسٹھ سالہ فلم ساز نے سال 2000 میں ریلیز ہونے والی کامیاب کامیڈی فلم ہیرا پھیری کی ہدایت کاری کی تھی۔
تاہم وہ اب اس کے تیسرے حصے سے بالکل الگ ہو چکے ہیں۔
بھارتی اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پریادرشن نے فلم سے متعلق پیچیدگیوں پر تفصیل سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں بہت زیادہ مسائل ہیں۔
ان کے بقول انہیں نہیں لگتا کہ یہ فلم کبھی بن بھی پائے گی۔ اس سے قبل جولائی میں بھی ہدایت کار نے اعلان کیا تھا کہ وہ فی الحال اس فلم کا حصہ نہیں ہیں۔
ہدایت کار نے قانونی تنازعات اور ذاتی اختلافات کو فلم کی راہ میں بڑی رکاوٹیں قرار دیا تھا۔ پریادرشن نے پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا کے ساتھ اپنے کشیدہ تعلقات کو بھی فلم سے علیحدگی کی اہم وجہ بتایا۔
اس بیان سے مشہور کامیڈی فرنچائز کے مداحوں میں غیر یقینی صورتحال مزید بڑھ گئی ہے۔


