بین الاقوامی ڈیسک (واشنگٹن) بھارتی نژاد امریکی محقق اور کینسر کی ماہر ڈاکٹر رچنا شیروف 47 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق وہ معدے کی آنکولوجسٹ تھیں اور لبلبے اور آنتوں کے کینسر کی نامور ماہر تھیں۔
ان کی موت ایڈینوکارسینوما نامی کینسر کے سبب ہوئی۔ ڈاکٹر رچنا شیروف میں سرطان کی تشخیص اس وقت ہوئی جب وہ کینسر کے آخری مرحلے سے گزر رہی تھیں۔
رواں سال انہیں لمف نوڈ میں سوجن محسوس ہوئی تھی۔ ابتدائی طور پر مرض کو لمفوما سمجھا گیا تھا۔
مزید معائنے سے غدود سے جنم لینے والے شدید سرطان ایڈینوکارسینوما کی تشخیص ہوئی۔ وہ یونیورسٹی آف ایریزونا میں شعبہ خون اور سرطان کی سربراہ تھیں۔
وہ کینسر سینٹر میں طبی تحقیقات کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر اور پروفیسر کے طور پر بھی فرائض انجام دے رہی تھیں۔ انہیں نظامِ ہاضمہ کے سرطان کے شعبے میں اعزازی پروفیسر کا منصب حاصل تھا۔
انہوں نے اپنے کیریئر میں 80 سے زائد تحقیقی مقالے لکھے اور سرطان کے جدید علاج کے لیے طبی تحقیقات کی قیادت کی۔


