واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے غزہ میں امداد کی ترسیل روکنے کی پالیسی پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی آبادی کو اجتماعی سزا دینے سے بچے بھوک کا شکار ہوں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں برنی سینڈرز نے اسرائیلی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو کی انتہا پسند حکومت غزہ میں خوراک کی فراہمی روک رہی ہے۔
سینیٹر نے کہا کہ حکومت غزہ میں دو لاکھ افراد کے لیے پناہ گاہیں بھی نہیں بننے دے رہی۔ امریکی سینیٹر نے اسرائیلی اقدامات کو غیر قانونی اور غیر اخلاقی قرار دیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کارروائیوں کے لیے امریکی ٹیکس دہندگان کی رقم استعمال نہ کی جائے۔ برنی سینڈرز نے امریکا کی جانب سے اسرائیل کو دی جانے والی فوجی امداد ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔


