انٹرنیشنل ڈیسک۔ اسرائیلی ڈیجیٹل اشتہاری کمپنی ڈسکور ٹیک پر آن لائن اشتہارات کے وسیع نیٹ ورک کو انٹرنیٹ صارفین کی نگرانی اور ان کے آلات میں اسپائی ویئر نصب کرنے میں مدد کے لیے استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
یہ بات سائبر سکیورٹی سے متعلق دو تحقیقی اداروں کی الگ الگ رپورٹس میں سامنے آئی ہے۔
کینیڈا کے تحقیقی ادارے سٹیزن لیب اور نیویارک کی اشتہاری سکیورٹی فرم کنفائنٹ کے مطابق ڈسکور ٹیک کے اشتہاری نظام کے ذریعے اسرائیلی اسپائی ویئر کمپنی کینڈیرو سمیت نگرانی کرنے والی دیگر کمپنیوں کو اشتہاری پلیٹ فارمز تک رسائی ملی۔
سٹیزن لیب نے بتایا کہ ڈسکور ٹیک کے اشتہارات شراکت داروں کے ذریعے ایک لاکھ بیس ہزار سے زیادہ ویب سائٹس اور پچہتر ہزار ایپس تک پہنچے۔
محققین کا کہنا ہے کہ بعض اشتہارات کے ذریعے ویب سائٹس پر آنے والے یا مخصوص ایپس استعمال کرنے والے افراد کی شناخت اور ان کی سرگرمیوں کی نگرانی ممکن تھی۔
بعض صورتوں میں اسمارٹ فون صارفین کے فون نمبرز حاصل کرنے کی کوشش بھی کی گئی جبکہ کچھ حالات میں صرف ویب سائٹ پر اشتہار کا لوڈ ہونا نگرانی کے لیے کافی تھا۔
سٹیزن لیب کے سینئر محقق وولفی کرسٹل نے رائٹرز سے گفتگو میں کہا کہ آن لائن اشتہارات کا موجودہ نظام سکیورٹی کے لیے بنیادی خطرہ بن سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی کمپنی کینڈیرو کو امریکی حکومت نے 2021 میں بلیک لسٹ کیا تھا تاہم تحقیقات سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ڈسکور ٹیک کی ہر سروس جاسوسی کے لیے استعمال ہوئی۔


