استنبول (این این آئی) ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں کم از کم 80 سال کی شدید ترین بارش کے بعد سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی۔ اس آفت کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 5 لاپتا ہوگئے۔
حکام کے مطابق بارش کے باعث اہم سڑکیں زیر آب آگئیں اور گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔ متعدد علاقوں میں بجلی اور پانی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔
گورنر استنبول داود گل نے بتایا کہ 1942 کے بعد یہ شہر میں ہونے والی سب سے زیادہ بارش ہے۔ یورپی حصے کے علاقے کاغتھانے میں ایک پارک کے قریب سے لاش ملی۔
بالات میں ایک لڑکا پانی میں قدم رکھنے کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ خراب موسم کے باعث استنبول ایئرپورٹ کی 43 پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ ترکی کے مختلف علاقوں میں ہفتے کے آخر تک مزید بارشیں متوقع ہیں۔


