اے آئی کی تیار کردہ علامتی تصویر
لاہور (صورتِ حال، ہیلتھ ڈیسک) پنجاب حکومت نے 20 ستمبر کو ہونے والے ایم ڈی کیٹ امتحان کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی ہے۔ 15 شہروں میں قائم 31 امتحانی مراکز میں 49 ہزار سے زائد امیدواروں کی شرکت متوقع ہے۔
محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کے جاری کردہ ہینڈآؤٹ کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں تمام مراکز کی سیف سٹی اتھارٹی کے سی سی ٹی وی کیمروں سے 24 گھنٹے نگرانی کا فیصلہ کیا گیا۔ جعلی امیدواروں کی روک تھام کے لیے نادرا کے ذریعے موقع پر بائیومیٹرک تصدیق بھی کی جائے گی۔
ایم ڈی کیٹ امتحان کے روز صوبے بھر میں امتحانی مراکز کے گرد و نواح میں دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ چیف سیکرٹری نے ڈویژنل کمشنرز کو واک تھرو گیٹس اور اسکینرز کی تنصیب، بلا تعطل بجلی کی فراہمی اور ہنگامی صورتحال کے لیے میڈیکل کیمپس قائم کرنے کی ہدایت کی۔
ہینڈآؤٹ کے مطابق امیدواروں کے ہمراہ آنے والے والدین کے لیے سایہ دار جگہوں اور ٹھنڈے پینے کے پانی کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام یہ ٹیسٹ 15 اضلاع کے 31 مراکز میں لیا جائے گا۔
امتحانی مراکز لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، بہاولنگر، میانوالی، لیہ، سرگودھا، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، ساہیوال، سیالکوٹ اور گجرات میں قائم کیے گئے ہیں۔


