اے آئی کی تیار کردہ علامتی تصویر
لاہور (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) سول سرونٹس کے اثاثوں کے گوشوارے ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ایف بی آر کے تعاون سے آن لائن نظام نافذ کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری افسران اب دستی طریقے کے بجائے آن لائن گوشوارے جمع کرائیں گے۔ افسران کے لیے ایف بی آر کا پورٹل بھی فعال کر دیا گیا ہے۔
ایوان صدر، وزیراعظم آفس اور تمام وزارتوں کو نئے نظام سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ سرکاری افسران کو 30 اکتوبر تک گوشوارے آن لائن جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ جمع شدہ معلومات میں غلطی کی اصلاح کے لیے 30 نومبر تک مہلت ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اثاثوں کے گوشوارے ڈیجیٹل نظام کے تحت جمع کرانے کے لیے ایف بی آر پورٹل پر اکاؤنٹ بنانا لازمی ہو گا، جس کے لیے افسران کو اپنا ذاتی ای میل ایڈریس فراہم کرنا ہو گا۔
ایف بی آر سرکاری افسران کے اثاثوں کی رسک بیسڈ بنیادوں پر جانچ کرے گا۔ غلط بیانی یا معلومات چھپانے والے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی، جبکہ گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اثاثوں کے گوشواروں کے منتخب غیر حساس حصے ایف بی آر کی ویب سائٹ پر شائع کیے جائیں گے۔


