اے آئی کی تیار کردہ علامتی تصویر
کراچی (صورتِ حال، کرائم رپورٹر) سرجانی ٹاؤن قتل کیس میں پولیس نے ماں اور تین بچوں کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ایک قریبی رشتے دار کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں واردات کی وجہ ذاتی رنجش سامنے آئی ہے، جبکہ ملزم سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔
پولیس کے مطابق پیر کی شام سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7-D کے ایک گھر سے 34 سالہ مہوش زوجہ دانش، ان کی 8 سالہ بیٹی مرحہ اور 6 سالہ بیٹے حسنین کی لاشیں ملی تھیں۔ ڈھائی سالہ بیٹی اشمیرہ شدید زخمی حالت میں پائی گئی تھی، جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ پیر اور منگل کی درمیانی شب دورانِ علاج دم توڑ گئی۔
واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے سسر کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ڈی آئی جی نے تحقیقات کے لیے آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس نے شبے کی بنیاد پر پڑوسیوں سمیت 15 افراد سے پوچھ گچھ کی۔
سرجانی ٹاؤن قتل کیس میں گرفتاری کے بعد پولیس حکام کے مطابق تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے اور واردات کے دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔


