اے آئی کی تیار کردہ علامتی تصویر
مانانوالہ (صورتِ حال، ایجوکیشن ڈیسک) محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے نویں جماعت کے امتحانات میں 20 فیصد سے کم کامیابی کا تناسب رکھنے والے سرکاری سکولوں کے ہیڈ ماسٹروں اور اساتذہ کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت فوری کارروائی کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ ہدایات حکومت پنجاب کے فیصلے کی روشنی میں ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز سکول ایجوکیشن کی جانب سے صوبہ بھر کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن کو جاری کی گئی ہیں۔ مذکورہ امتحانات بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام ہوئے تھے۔
ہدایت کے مطابق 20 فیصد سے کم رزلٹ دینے والے سکولوں کے گریڈ 16 تک کے ہیڈ ماسٹروں اور اساتذہ کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے اساتذہ اور ہیڈ ٹیچرز سے متعلق رپورٹ ڈی پی آئی آفس کو بھجوائی جائے گی، جو مزید کارروائی کے لیے سیکرٹری سکول ایجوکیشن کو ارسال کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ای اوز کو کارروائی بلا تاخیر شروع کرنے اور ہر 15 روز بعد پیش رفت رپورٹ ارسال کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔


