اے آئی کی تیار کردہ علامتی تصویر
اسلام آباد (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی، جس میں 27 ستمبر لانگ مارچ اور آئندہ سیاسی و جمہوری حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
این این آئی کے مطابق ملاقات میں پنجاب میں جاری اسٹریٹ موومنٹ اور پنجاب حکومت کے اقدامات و رویے پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پنجاب میں اسٹریٹ موومنٹ کی سرگرمیوں کے بارے میں قائدین کو بریفنگ دی۔
محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے سہیل آفریدی کی پرامن اسٹریٹ موومنٹ کو سراہا اور سیاسی کارکنوں و جمہوری آوازوں کے خلاف اقدامات کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف کو دبانے کے لیے ریاستی طاقت کا استعمال جمہوری اقدار، آئینی آزادیوں اور سیاسی رواداری کے منافی ہے۔
شرکا کے مطابق 27 ستمبر لانگ مارچ پرامن، آئینی اور جمہوری ہوگا۔ ملاقات میں صوبوں کے آئینی حقوق، آئین کی بالادستی، جمہوریت کے تحفظ اور عوامی مینڈیٹ کے احترام کے لیے جمہوری قوتوں کے اتحاد کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں صوبائی وزیر اطلاعات و سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان، مشیر جیل خانہ جات افتخار اللہ جان، ترجمان تحریک تحفظِ آئین پاکستان حسین احمد یوسفزئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے لیگل کونسل خالد یوسف چوہدری بھی موجود تھے۔


