لاہور (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا خطاب لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ بین المذاہب ہم آہنگی امن کانفرنس میں ہوا، جہاں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش بیرونی چیلنجز کا حل اتحاد میں ہے۔
انہوں نے علما اور مذہبی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ امن، رواداری اور مکالمے کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کے مطابق اختلافِ رائے کو دشمنی میں بدلنے سے روکنے کے لیے معاشرے میں برداشت اور مکالمے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کانفرنس میں کاروباری برادری، صنعتکاروں، علما، مذہبی رہنماؤں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ شرکا نے امن، بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور معاشی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
فیصل کریم کنڈی کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان نے امن کے حصول کے لیے قیمتی جانوں کی قربانیاں دی ہیں، اس لیے امن کو سمجھنا اور برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو ایسی آوازوں کی ضرورت ہے جو اختلاف کو دشمنی کی جانب بڑھنے سے روکیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے دستور ساز اسمبلی میں اقلیتوں کے حقوق اور آزادی سے متعلق واضح موقف پیش کیا تھا۔ ان کے بقول، تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ قومی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد، امن، استحکام اور باہمی اعتماد ملک میں معاشی سرگرمیوں اور ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کر سکتے ہیں۔


