اسلام آباد (انٹرنیشنل ڈیسک) پاکستان کی سینئر اداکارہ سیمی راحیل نے خواتین کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کی مذمت کی ہے۔ حالیہ انٹرویو میں سینئر اداکارہ نے کہا کہ فی الحال پاکستان خواتین کے رہنے کے لحاظ سے اچھا ملک نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے زمانے میں وہ ٹی شرٹ اور جینز پہن کر تین گھنٹے کی چہل قدمی کر کے گھر جایا کرتی تھیں۔ سیمی راحیل نے مزید کہا کہ اس وقت بھی سیٹیاں پڑتی تھیں لیکن کوئی ہاتھ لگانے کی جرات نہیں کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی انارکلی بازار میں ہاتھ لگا بھی لیتا تھا تو لوگ اسے پکڑ لیتے تھے۔ اداکارہ کے مطابق ایسے واقعات روزانہ نہیں ہوتے تھے اور معاشرے میں شرم و غیرت کا عنصر موجود تھا۔


