کراچی (این این آئی) شہر کے مختلف علاقوں اورنگی ٹاؤن اور عزیز آباد میں گھروں سے دو افراد کی چند روز پرانی لاشیں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے لاشیں اسپتال منتقل کرکے واقعات کی تحقیقات شروع کردیں، تاہم فوری طور پر وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا۔
اورنگی ٹاؤن کی رحیم شاہ کالونی سیکٹر 11 میں مسجد سے ملحقہ گھر کے غسل خانے سے 72 سالہ اختر حسین کی لاش ملی۔ ایس ایچ او مومن آباد شہباز یوسف کے مطابق متوفی بیمار تھا، اکیلا رہتا تھا اور لاش دو روز پرانی تھی۔
بھائی کے اطلاع دینے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی۔
دوسری جانب عزیز آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں گھر سے ایک اور شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق لاش تین سے چار روز پرانی تھی اور گھر سے تعفن اٹھنے پر علاقہ مکینوں نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے ایدھی رضاکاروں کی مدد سے لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔


