لاہور (بیورو رپورٹ) پنجاب سیڈ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر فرحان فاروق نے ادارے میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سسٹم پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 20 اکتوبر 2026 سے ڈی ٹی ایس میں متعلقہ اندراج کے بغیر کسی بل، ادائیگی یا سرکاری کیس پر کارروائی نہیں کی جائے گی۔
یہ ہدایات انہوں نے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ساہیوال مرکز کے دورے کے دوران نظام کا جائزہ لینے کے بعد جاری کیں۔ ڈاکٹر فرحان فاروق نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کا مقصد ادارہ جاتی امور میں شفافیت اور انتظامی بہتری لانا ہے۔
تمام افسران اور ملازمین فارم، پروکیورمنٹ اور مارکیٹنگ کے شعبوں میں فوری طور پر ڈی ٹی ایس کا استعمال شروع کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دستیاب مجاز کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس سے استفادہ کیا جائے۔
مخصوص لیپ ٹاپ کی عدم دستیابی کو کام نہ کرنے کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔ استعمال میں پیش آنے والی تکنیکی مشکلات کو فراہم کردہ گوگل شیٹ میں فوری درج کیا جائے۔
تمام سینٹر انچارجز اور ڈائریکٹرز ماتحت عملے کی جانب سے نظام کے استعمال کو ذاتی طور پر یقینی بنائیں۔ احکامات کی عدم تعمیل یا غیر ضروری تاخیر کی صورت میں ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔


