پشاور (این این آئی) خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ اور دیگر ضروریات سے متعلق سمری گورنر کو ارسال کر دی گئی۔ سمری کے متن کے مطابق جنوبی اور ضم شدہ اضلاع کے لیے ایک سو بیس فیصد سیکیورٹی چیلنج الائونس دیا جائے۔
سمری میں کہا گیا کہ دیگر آباد اضلاع میں بنیادی تنخواہ کا ایک سو فیصد سیکیورٹی الائونس دیا جائے۔ ہزارہ ریجن کے پولیس اہلکاروں کو بنیادی تنخواہ کا پچہتر فیصد سیکیورٹی چیلنج الائونس دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
سمری میں مؤقف اپنایا گیا کہ خیبرپختونخوا پولیس گزشتہ تین دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف برسرِ پیکار ہے۔ پولیس کی قربانیوں کے باوجود ان کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم ہیں۔
سمری کے مطابق محکمہ پولیس کے ساز و سامان اور آلات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی بھی ضرورت ہے۔


