اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری نے سانحۂ کارساز کی 19ویں برسی پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے آئین کی بالادستی، عوام کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کے تحفظ پر زور دیا ہے۔
18 اکتوبر کو جاری پیغام میں صدر نے کہا کہ بے نظیر بھٹو اپنی جان کو سنگین خطرات کے باوجود ثابت قدم رہیں۔ ان کے مطابق سانحۂ کارساز کے شہداء کی قربانیاں پُرامن، جمہوری اور خوش حال پاکستان کی تعمیر کے لیے آئندہ نسلوں کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔
ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے بیان کے مطابق صدر زرداری نے کہا کہ ان قربانیوں نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔


