اسلام آباد: الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کے درمیان صوبے میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان کرانے پر اتفاق ہوگیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں الیکشن کمیشن کو پنجاب میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے۔ الیکشنز ایکٹ کے تحت مقامی حکومتوں کی مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
وزیر لوکل گورنمنٹ پنجاب ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے پرعزم ہیں، تاہم انتخابات کے انعقاد اور مناسب وسائل کی فراہمی کے لیے وقت درکار ہے۔
ذیشان رفیق نے بتایا کہ امتحانات اور دھند کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے 15 دسمبر سے 15 جنوری کی تاریخیں تجویز کی گئی ہیں۔ چیف سیکریٹری پنجاب نے کہا کہ صوبائی حکومت مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے۔ الیکشن کمیشن نے مرحلہ وار انتخابات سے متعلق پنجاب حکومت سے جلد پلان طلب کرلیا۔


