نیویارک (صورتِ حال، انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ پر اعتماد ختم ہو چکا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل نیویارک پہنچنے پر یہ بات کہی۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ان کا دورہ ایسے حالات میں ہو رہا ہے جو عملی طور پر اب بھی جنگ کی کیفیت میں ہیں۔ ان کے بقول، بنیادی مقصد عالمی پلیٹ فارم کو ایرانی عوام کے جائز موقف، حقوق اور مفادات کے دفاع کے لیے استعمال کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے پلیٹ فارم سے شہید رہبر، ایرانی عوام، شہدائے ایران اور میناب پرائمری اسکول کے شہید بچوں کی صدائے مظلومیت دنیا تک پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے میناب پرائمری اسکول کے 168 بچوں کے قتل عام پر مغربی ممالک کی خاموشی پر بھی تنقید کی۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق، عالمی امن و سلامتی کے مؤثر قیام میں ناکامی کے سبب اقوام متحدہ پر اعتماد کم یا مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی کا اجلاس اعتماد کی بحالی کے عنوان سے شروع ہونا بھی اس صورت حال کا عالمی اعتراف ہے۔
عباس عراقچی نے بعض ممالک پر بین الاقوامی اداروں، عالمی قوانین اور انسانیت کے اجتماعی ضمیر کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے صہیونی حکومت کو کارروائیوں کی کھلی چھوٹ ملنے اور مغربی و یورپی ممالک کے خاموش تماشائی بنے رہنے کا بھی دعویٰ کیا۔


