(صورتِ حال، انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا ہے کہ ایران امریکا جنگ سے متعلق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت بڑی کامیابی تھی اور اس میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم رہا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پریس بریفنگ میں اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ سیکریٹری جنرل ایران امریکا تنازع کے خاتمے، ثالثی اور تشدد کے خاتمے کے لیے پاکستانی قیادت کی کوششوں کے معترف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتونیو گوتیرس ایران امریکا تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستانی حکام سے رابطے میں رہے ہیں اور پاکستانی قیادت کی کوششوں پر بے حد شکر گزار ہیں۔
اسٹیفن ڈوجارک کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں دیگر ممالک بھی شامل رہے، تاہم پاکستان کا کردار انتہائی اہم رہا۔


