اسلام آباد (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کے تحفظ کے لیے مملکت کے ساتھ کھڑا ہے۔
سعودی عرب کے قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے اور پاکستان کو مملکت کے ساتھ تاریخی، دیرینہ اور آزمودہ برادرانہ وابستگی پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد بن سلمان کی قیادت میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط اور جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں، جس کی بنیاد امن و سلامتی کے فروغ اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے مشترکہ وابستگی پر ہے۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے حالیہ حملوں اور مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت، تقدس اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید مجروح کرتا ہے۔
شہباز شریف کے مطابق، پاکستان سعودی دفاعی معاہدے اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر عزم کے ساتھ دستخط کیے گئے ہیں۔


