مانانوالہ (صورتِ حال، نیوز ڈیسک) حضرت پیر سید وارث شاہ کے 228 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز مزار کو غسل دے کر کر دیا گیا۔ سیکرٹری چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا عدیل تصور اور دیگر حکام نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
مزار کو خالص عرقِ گلاب سے غسل دیا گیا، پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور صندل و دیگر عطریات سے معطر کیا گیا۔ اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی و سلامتی اور قدرتی آفات و بیماریوں سے بچاؤ کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ اور رانا عدیل تصور نے محکمہ صحت، سول ڈیفنس، ریسکیو اور دیگر اداروں کے قائم کردہ کیمپس کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ عرس میں آنے والے زائرین کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔
رانا عدیل تصور کے مطابق 228 ویں سالانہ عرس کے لیے فول پروف سکیورٹی، پارکنگ اور میڈیکل کیمپس سمیت خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار تعینات ہیں اور سی سی ٹی وی کیمروں سے تقریبات کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پہلے روز شام 4 بجے والی بال اور رات 9 بجے پنجابی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ دوسرے روز 24 ستمبر کو شام 4 بجے رسی کشی اور رات 7 بجے مقابلہ ہیر خوانی، جبکہ 25 ستمبر کو شام 4 بجے کبڈی میچ اور رات 9 بجے صوفی نائٹ منعقد ہوگی۔
رانا عدیل تصور نے کہا کہ اولیا اللہ کے مزارات سے روحانی و قلبی سکون ملتا ہے اور سید وارث شاہ نے رواداری، اخوت اور انسان دوستی کا پیغام دیا۔


