کراچی (صورتِ حال، کرائم رپورٹر) ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے کراچی ہنڈی حوالہ کارروائی کے دوران غیر قانونی کرنسی کی خرید و فروخت اور ہنڈی حوالہ میں مبینہ طور پر ملوث ایک شخص کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق کارروائی ایف آئی آر نمبر 17/2026 میں گرفتار محمد آصف شیخ کی نشاندہی پر کی گئی۔ ٹیم نے لائٹ ہاؤس میں میٹرو پیلس کی دکان نمبر 1-5، ایکسکلوسیو فریگرینس پر چھاپہ مار کر محمد سہیل شیخ ولد محمد اختر شیخ کو گرفتار کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون برآمد ہوا، جس میں غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت اور مبینہ غیر قانونی ہنڈی حوالہ سے متعلق ڈیجیٹل شواہد اور قابل اعتراض مواد موجود تھا۔
کراچی ہنڈی حوالہ کارروائی میں گرفتار شخص کو برآمد شدہ موبائل فون سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق موبائل فون سے حاصل ڈیجیٹل شواہد کا تکنیکی اور فرانزک تجزیہ جاری ہے، جبکہ دیگر ممکنہ عناصر اور سہولت کاروں کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔


