فائل فوٹو
مظفرآباد (این این آئی) آزاد جموں و کشمیر کا 79واں یومِ تاسیس تحریک آزادی اور نظریہ الحاق پاکستان کی تجدید کی یاد کے ساتھ منایا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 19 جولائی 1947ء کی قرارداد الحاقِ پاکستان نے کشمیری عوام کے سیاسی مؤقف کو واضح سمت دی تھی۔
24 اکتوبر 1947ء کو سردار محمد ابراہیم خان کی سربراہی میں آزاد جموں و کشمیر کی عارضی حکومت قائم ہوئی تھی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان اور وزیراعظم افتخار گیلانی نے اپنے خصوصی پیغامات جاری کیے۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ریاست جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے تعاون سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔


