لوئر دیر (ہیلتھ ڈیسک) لوئر دیر کے دور افتادہ علاقوں غوڑاہ بانڈہ اور خوڑ بانڈہ میں خسرہ کی وبا پھوٹ پڑی ہے۔ اس وبا کے نتیجے میں پانچ بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔
این این آئی کے مطابق کئی دیگر بچے بھی متاثر ہوئے ہیں جو ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ تشویش ناک صورتحال پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں۔ ڈپٹی کمشنر دیر لوئر بشارت احمد اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
انہوں نے بچوں کی وفات پر سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔
محکمہ صحت کی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں خسرہ سے بچاؤ کی ویکسینیشن شروع کر دی ہے۔ انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے میں تعاون کریں۔ اس اقدام کا مقصد خسرہ کی وبا پر قابو پانا ہے۔


