خانیوال (اسپورٹس ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے نوجوانوں کے لیے خوشخبری ہے کہ چیف منسٹر پنجاب یوتھ گیمز 2026 میں تعلیمی اداروں سے باہر نوجوانوں کو بھی شرکت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر حنا ارشد کی زیر صدارت یوتھ گیمز میں رجسٹریشن اور نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں رجسٹریشن کے عمل اور آگاہی مہم کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ گیمز میں سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کے ساتھ عام نوجوان بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں گے۔ شرکت کے لیے مختلف کیٹیگریز میں عمر کی حد سترہ سے اکیس سال اور اکیس سے چھبیس سال مقرر کی گئی ہے۔
خصوصی افراد کے لیے عمر کی حد پینتیس سال مقرر کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن یقینی بنانے کے لیے موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر منور حسین کھملانہ، اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلعی و تحصیل سپورٹس افسران نے شرکت کی۔


