لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چین کے صوبے سنکیانگ کے پارٹی سیکرٹری چن شیاوجیانگ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر کمیونسٹ پارٹی سنکیانگ کے ڈپٹی سیکرٹری ہی ژونگ یو، ہیڈ آف پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ وانگ جین زن، ایگزیکٹو وائس گورنر زانگ ینگ چن اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کمیونسٹ پارٹی لی کی یونگ بھی موجود تھے۔
صوبہ سنکیانگ کے پارٹی سیکرٹری چن شیاوجیانگ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا پرتپاک خیرمقدم کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں زراعت، آبپاشی اور لائیوسٹاک سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر زراعت کے فروغ کے لیے جدید ایریل وہیکلز، واٹر لیولنگ اور ڈیجیٹل کراپ مانیٹرنگ اختیار کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ایگریکلچر ایریگیشن، میکانائزیشن اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چینی حکام کو زرعی میکانائزیشن، واٹر ایفیشنٹ ایریگیشن اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں اشتراک کار کی پیشکش کی۔
ملاقات میں بہتر پیداوار کے لیے چین کے آزمودہ بیج استعمال کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔ پنجاب اور چین کے درمیان وفود کے تبادلوں اور عوامی سطح پر تعلقات مضبوط بنانے پر زور دیا گیا، جبکہ ترقی، علاقائی استحکام اور چین کی بین الاقوامی حکمت عملی کے تحت تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب زرعی پیداوار کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور ملک بھر میں گندم، مکئی، گنا اور چاول کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کارپوریٹ زون فارمنگ میں سنکیانگ کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت چین کے ساتھ زراعت، صنعت، معدنیات اور نئی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہے۔


