
لاہوروزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کیلئے خصوصی پیکیج کی منظوری دے دی جس کے تحت بی ایس فرسٹ ایئر کی داخلہ فیس اور ایک سمسٹرکی فیس معاف کردی گئی ہے ،وزیراعلیٰ نے یتیموں، بیواؤں اور غربا کی زمینوں پر قبضے کے خاتمے کیلئے نئی قانونی سازی کا اعلان کردیا، قبضے کے مقدمات کے فیصلے کے لئے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی اور ہر کیس کا فیصلہ 90 دن کے اندر لازمی قرار دیا جائے گا جبکہ ناجائز قابضین کو جرمانہ اور 10 سال قید کی تجویز پیش کی جائے گی۔
انہوں نے پیرا فورس سے عوام کی خدمت اور رشوت نہ لینے کا عہد بھی لیا۔ پاک سوزوکی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیرو شی کاوا مورا نے مریم نوازسے ملاقات کرکے انہیں سیلاب زدگان کیلئے 3کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے سیلاب متاثرہ مظفرگڑھ، ملتان، لودھراں، وہاڑی، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، چنیوٹ اور قصور کے طلبا کی بی ایس سال اول کی فیس اورایک سمسٹر کی فیس معاف کرنے کے ساتھ ساتھ ان اضلاع میں واقع تمام یونیورسٹیوں میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں 20 دن کی توسیع کر دی جبکہ ہونہار سکالرشپ کے لئے درخواست دینے کی آخری تاریخ بھی ایک ماہ تک بڑھا دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب کی تباہی کی وجہ سے اپنے بچوں اور بچیوں کی تعلیم متاثر نہیں ہونے دوں گی ۔ مریم نواز نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی تقریب میں خطاب کے دوران اہم اعلانات کئے ،انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اب بے کس اور مجبور لوگوں کی زمینوں پر قبضہ نہیں ہوگا،کمزور لوگوں کی زمینوں پر قبضے کرنے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے ، جہاں ظلم ہوگا، ظالم کو پکڑنے کے لئے حکومت موجود ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات سے نجات دلانا میرا عزم ہے ،ایسی اتھارٹی بنانا چاہتی تھی جو عوام کو مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کا سدباب کرے ،پیرا کے قیام کے خواب کو تعبیر کی صورت دینے میں مدد کرنے والے سب لوگوں کی مشکور ہوں،خواتین خوش ہیں کہ تجاوزات ہٹنے سے ہراسمنٹ کابھی تدارک ہوگیا ،پیرا فورس کے افسر اور جوان رشوت کے پیسے کو اپنے اوپر حرام قرار دینے کا وعدہ کریں۔ کاروباری حضرات اپنا جائزہ منافع ضرور کمائیں لیکن ناجائز منافع کو روکنا حکومت کا فرض ہے ،سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق گندم، آٹا، روٹی اور سبزیوں کے نرخ یقینی بنانے ہوں گے ۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب پولیس میں سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ بنانے سے امن و امان کی فضا قائم ہوئی ،پنجاب کی بہت سے تحصیلوں میں کرائم کی شرح صفر ہوگئی ،خاتون چیف منسٹر ہونے کے ناطے خواتین کے لئے پنجاب کو محفوظ ترین بناؤں گی۔ وزیراعلیٰ نے پیر اپاسنگ آؤٹ پریڈ میں بھی شرکت کی ،انہوں نے سلامی لی اور جیپ پر سوار ہوکر پریڈ کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پیرا فورس کے جوانوں سے انصاف، شفافیت اور دیانتداریپر حلف لیاجبکہ ٹریننگ میں نمایاں کارکردگی پر میڈل اور اعزازات تقسیم کئے۔دریں اثنا مریم نواز سے پاک سوزوکی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیرو شی کاوا مورا نے وفد کیساتھ ملاقات کی اورسیلاب زدگان کے لئے 3کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔


