فیصل آباد (صورتِ حال، اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیرِ صدارت سہولت بازاروں کی تیاری اور پیش رفت کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری کاموں اور مقررہ اہداف کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ دو سہولت آن دی گو بازار مکمل طور پر تیار ہیں، جنہیں 10 اکتوبر تک فعال کر دیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے دیگر پانچ سہولت آن دی گو بازاروں پر جاری کام کو مزید تیز کرنے اور مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے چک جھمرہ، سمندری اور تاندلیانوالہ میں قائم کیے جانے والے سہولت بازاروں کی تکمیل کا عمل بھی تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بالخصوص تاندلیانوالہ سہولت بازار کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ تعمیراتی کام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو معیاری اشیائے ضروریہ کی بہتر اور آسان فراہمی کے لیے سہولت بازاروں کی بروقت تکمیل اور فعالیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔


