نیویارک (صورتِ حال، انٹرنیشنل ڈیسک) – وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مکہ اتحاد کے حوالے سے ایرانی صدر سے بات ہوئی ہے اور انہیں بتایا گیا ہے کہ مکہ معاہدہ کسی کے خلاف نہیں۔ نیویارک میں ایرانی صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن کا قیام ضروری ہے اور پاکستانی قیادت امن کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایرانی صدر نے پاکستان کی امن کے لیے کوششوں کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ اسلام آباد میمورنڈم آج بھی انہیں قبول ہے اور اسے آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور معیشت و سفارتی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ آبنائے ہرمز اور باب المندب میں اشتعال انگیزی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برادر اور دوست ممالک مل کر اشتعال انگیزی ختم کرنے کی کوشش کریں۔ وزیراعظم نے افغانستان سے دہشتگردی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے دہشتگرد پاکستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں اور پولیس اہلکاروں، فوجی جوانوں اور شہریوں کو شہید کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی قابل مذمت ہے، پاکستان اس کا منہ توڑ جواب دے رہا ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔


