اسلام آباد (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) انسداد دہشتگردی عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی کے وکالت نامے پیش نہ کرنے اور انہیں ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش نہ کرنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ ہفتہ کو اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے ضمانت کی درخواستیں دائر کرنے کے لیے ایمان مزاری اور ہادی علی کے وکالت نامے نہ ملने کے کیس کی سماعت کی۔ اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے دونوں وکلا کے وکالت نامے دستخط کرا کر نہ دیے جا سکے جبکہ جیل حکام کی جانب سے کوئی بھی عدالت میں پیش نہ ہوا۔ عدالت کے حکم کے باوجود ایمان مزاری اور ہادی علی کو ویڈیو لنک کے ذریعے بھی پیش نہ کیا جا سکا جس پر عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل جواب دیں کیوں نہ چھ ماہ کے لیے سزا دی جائے۔ عدالتی عملے نے بتایا کہ جیل حکام بتا رہے ہیں انٹرنیٹ کا مسئلہ ہے۔ بعد ازاں عدالت نے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔


