لاہور (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) پنجاب میں دفعہ 144 کا نفاذ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ یہ آئینی درخواست رکن پنجاب اسمبلی اعجاز شفیع، شیخ امتیاز محمود اور دیگر کی جانب سے محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بظاہر پنجاب میں دفعہ 144 کا نفاذ پی ٹی آئی کا احتجاج روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ مزید برآں درخواست گزاروں کے مطابق اس حکم نامے میں کسی مخصوص ضلع، مقام یا کسی مخصوص خطرے کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ حکومت کو دفعہ 144 کے نفاذ کی قانونی بنیاد پیش کرنے کا حکم جاری کرے۔ اس کے علاوہ ایک عبوری درخواست میں پرامن اور غیر مسلح اجتماعات پر عائد پابندی کو معطل کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔


