فائل فوٹو
اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ریل کے سفر کو محفوظ اور بااعتماد بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم سے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزارت ریلوے کے انتظامی، مالیاتی اور اصلاحاتی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفاقی وزیر حنیف عباسی نے وزیراعظم کو پاکستان ریلوے کی کارکردگی اور جاری منصوبوں سے آگاہ کیا۔
پاکستان ریلوے کی فریٹ سروسز میں بہتری اور مسافروں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ریلوے میں شفافیت، اصلاحات اور عوامی ریلیف کے شعبوں کو ترجیح دینے کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان ریلوے کی بحالی اور انقلابی اصلاحات کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔


