بیورو رپورٹ (صورتِ حال، DESK) لاہور کے علاقے ڈیفنس سی میں غیر ملکی لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے مقدمے میں پولیس نے دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ تیسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت تنویر اور محسن کے نام سے ہوئی ہے جنہیں اتوار کی رات راوی روڈ اور سندر کے علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔ ڈیفنس سی پولیس نے ہفتے کے روز آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی بیس سالہ لڑکی ڈیانا کی درخواست پر مقدمہ درج کیا تھا۔ متاثرہ لڑکی کاروباری سلسلے میں پاکستان آئی ہوئی تھی اور رائیونڈ روڈ کے قریب مقیم تھی۔ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ دو خواتین اسے کھانے کے بہانے ایک کیفے لے گئیں جہاں تین مرد بھی موجود تھے۔ ملزمان نے اسے اور دیگر خواتین کو سیر کی پیشکش کی اور ایک نامعلوم فلیٹ پر لے گئے جہاں مبینہ طور پر نشہ آور چیز دے کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تیسرے ملزم عمر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔


