سرینگر (انٹرنیشنل ڈیسک) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق سے ملاقات کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات اتوار کی دوپہر میر واعظ عمر فاروق کی رہائش گاہ پر ہوئی جس میں خطے کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میرواعظ عمر فاروق نے صحافیوں کو بتایا کہ ملاقات میں خطے کو درپیش سماجی خدشات اور چیلنجز پر بات چیت کی گئی، اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر مشترکہ طور پر مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ پی ڈی پی کے ایک رہنما کے مطابق محبوبہ مفتی جموں و کشمیر میں سماج کے مختلف طبقات سے رابطے کی مہم چلا رہی ہیں اور یہ ملاقات اسی سلسلے کا حصہ ہے۔


