مظفرآباد (بیورو رپورٹ) آزادکشمیر میں سیاحت کا فروغ ناگزیر ہے کیونکہ اسے روزگار، معاشی ترقی اور مقامی خوشحالی کے ساتھ جوڑنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور نومنتخب ممبر قانون ساز اسمبلی حلقہ تین سٹی مظفرآباد سردار مختار احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا خطہ قدرتی حسن، بلند پہاڑوں، خوبصورت وادیوں، دریاؤں اور منفرد ثقافتی ورثے سے مالا مال ہے، جسے مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے معاشی ترقی کا اہم ذریعہ بنایا جا سکتا ہے۔ سردار مختار احمد خان نے مزید کہا کہ سیاحت کے فروغ سے بالخصوص نوجوانوں اور خواتین کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، جبکہ مقامی کاروبار کو فروغ ملنے سے عام آدمی کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ آزادکشمیر کے قدرتی ماحول، ثقافتی ورثے، روایات اور قدرتی حسن کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ پائیدار اور ماحول دوست سیاحتی پالیسی کے ذریعے ہی مقامی لوگوں کی خوشحالی اور معاشی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔


