اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اسلام آباد پولیس میں افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود، مسائل کے فوری حل اور سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ڈی آئی جی لا اینڈ آرڈر اینڈ ٹریننگ اور ڈی جی سیف سٹی محمد عتیق طاہر نے شاہ فیصل شہید میس ہال کا دورہ کیا۔
انہوں نے میس ہال میں جاری ترقیاتی کاموں، تزئین و آرائش، تعمیر و مرمت اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی محمد عتیق طاہر نے متعلقہ افسران کو کام کے معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اپنے دفتر میں آرڈرلی روم کا انعقاد کیا جہاں پولیس افسران اور اہلکاروں نے اپنے مسائل پیش کیے۔ انہوں نے تمام درخواستوں کو میرٹ پر سنا اور مسائل کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔
اے آئی جی لاجسٹکس محمد عثمان طارق بٹ نے لاجسٹکس ڈویژن کے افسران کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں امن و امان کی صورتحال کے دوران مؤثر لاجسٹک سپورٹ اور ضروری انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے افسران کو بروقت اور مؤثر لاجسٹک معاونت یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔ اے آئی جی لاجسٹکس نے آرڈرلی روم کا انعقاد کر کے پولیس افسران کے محکمانہ اور ذاتی مسائل بھی سنے۔
ایس پی ہیڈکوارٹرز پری گل ترین نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں قائم ریسٹ ایریا اور جم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ان سہولیات کو مزید بہتر، منظم اور مؤثر بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔


