میانوالی (نمائندہ خصوصی) میانوالی میں مختلف واقعات کے دوران تھل کینال اور بھکر نہر میں ڈوب کر دو نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ میانوالی کے نواحی علاقہ جلال پور کا رہائشی بائیس سالہ ڈرائیور مدثر پل دس ہزار کے قریب تھل کینال میں ڈوب گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹرک ڈرائیور مدثر کے کپڑے، جوتے اور دیگر سامان تھل کینال کے کنارے پر ملا ہے۔ آخری اطلاعات آنے تک متوفی مدثر کی لاش تھل کینال سے نہ مل سکی تھی۔
علاوہ ازیں میانوالی کے علاقہ کندیاں کے محلہ عالم خیل سے ایک ہفتہ قبل گھر سے غائب ہونے والے نوجوان امیر عباس کندی کی لاش بھکر نہر کے مقام ہیڈ نصیر والا سے برآمد ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کی تلاش و امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔


