مکو آ نہ (این این آئی) فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بار بار آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔ موسم نسبتاً ٹھنڈا ہونے اور بجلی کی طلب میں کمی کے باوجود شہریوں کو مسلسل بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔
خصوصاً رات کے اوقات میں بار بار بجلی جانے سے شہریوں کا سکون غارت ہو کر رہ گیا ہے۔ شدید گرمی کے دوران طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کو پہلے ہی اذیت میں مبتلا کیا، جبکہ بھاری بجلی کے بلوں نے گھریلو بجٹ مزید متاثر کیا۔
اب موسم تبدیل ہونے کے باوجود دن رات بجلی کی بندش نے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے۔ بجلی کی غیر یقینی فراہمی سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں اور دکانداروں کو مالی نقصان کا سامنا ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جڑانوالہ میں جاری لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ بجلی بندش کی وجوہات عوام کے سامنے لائی جائیں اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔


