مکوآنہ (نیوز ڈیسک) فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے پبلک ہیلتھ سپیشلسٹ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پندرہ برس یا اس سے زیادہ عمر کے دو کروڑ نوے لاکھ سے زیادہ افراد تمباکو نوشی کرتے ہیں۔
انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ان میں سے ایک کروڑ ستر لاکھ افراد باقاعدہ سگریٹ نوشی میں مبتلا ہیں۔ ملکی آبادی کا چالیس فیصد حصہ سگریٹ، پان، گٹکا، بیڑی اور مین پوری جیسے تمباکو کی مصنوعات کا استعمال کرتا ہے۔
ڈاکٹر ذوالفقار علی نے مزید کہا کہ تمباکو نوشی سے منہ اور پھیپھڑوں کا کینسر، دل کی بیماریاں، برین سٹروک اور شوگر جیسے امراض بڑھ رہے ہیں۔ نوجوان مرد و خواتین میں اس کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے جو زندگی کے خاتمے کا سبب بنتا ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ تمباکو نوشی روکنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا جائے اور کالجز، یونیورسٹیوں سمیت عوامی مقامات پر خصوصی آگاہی مہم چلائی جائے۔


