فیصل آباد (نیوز ڈیسک) فیصل آباد تھانہ ٹھیکریوالہ کے علاقہ میں اندھے قتل کا معمہ پولیس نے حل کر لیا ہے۔ شوہر عارف نے مبینہ طور پر دوسری شادی کی خواہش پر بیوی سمیرا کو کھیتوں میں فائرنگ کر کے قتل کیا۔
ملزم نے واردات چھپانے کے لیے نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کا ڈرامہ رچایا تھا۔ پولیس کے مطابق ایس پی اقبال ڈویژن سعید احمد کی سربراہی میں ایس ایچ او افضال احمد کھرل نے تفتیش کی۔
پولیس نے شبہ کی بنیاد پر مقتولہ کے شوہر کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے قتل کا اعتراف کر لیا۔ پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم کی نشاندہی پر آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف کارروائی مکمل کر کے اسے عدالت میں پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے اندھے قتل کا سراغ لگانے پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔


