فیصل آباد (نیوز ڈیسک) فیصل آباد تھانہ ڈجکوٹ کے نواحی گاؤں چک نمبر 262 فضل حق میں دکان کا کرایہ مانگنا امام مسجد کو مہنگا پڑ گیا۔ کرائے دار نے مبینہ طور پر ساتھیوں کے ہمراہ امام مسجد پر حملہ کر کے تشدد کیا۔
تشدد سے امام مسجد کے جسم کے مختلف حصوں پر زخموں کے نشانات پڑ گئے۔ اہلِ محلہ کے جمع ہونے پر ملزمان اہلِ علاقہ سے گتھم گتھا ہو گئے اور فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں امام مسجد بال بال بچ گئے۔ واقعے کی اطلاع 15 پر دی گئی اور ایس ایچ او تھانہ ڈجکوٹ رانا سلیم نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس نے موقع سے پسٹل کی گولیاں اور خول قبضے میں لے لیے جبکہ تفتیش جاری ہے۔ امام مسجد پر مبینہ تشدد اور فائرنگ کے بعد اہلِ گاؤں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
اہلِ علاقہ نے آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن، سی پی او فیصل آباد تنویر حسین اور ایس پی اقبال ٹاؤن سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


