بیورو رپورٹ (صورتِ حال، DESK) پولیس نے دو سال سے لاپتا 16 سالہ لڑکی کو بازیاب کرا کے لاہور ہائیکورٹ میں پیش کر دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے صوبہ بھر میں لڑکیوں کے اغوا کے کیسز پر آئی جی پنجاب سے تفصیلی پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس عالیہ نیلم نے آئی جی پنجاب عبدالکریم سے بچوں اور خواتین کے کیسز سے متعلق پولیس کے طریقہ کار اور میکنزم کے بارے میں استفسار کیا۔ آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ بچوں اور خواتین کے کیسز کے حوالے سے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ کے نوٹس کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور دو سال سے غائب لڑکی تھوڑی سی کوشش میں بازیاب ہوگئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ایسے مزید کتنے کیسز زیرِ التوا ہیں جس پر آئی جی نے بتایا کہ 500 سے زائد کیسز پر کام جاری ہے۔


