راولپنڈی (نیوز ڈیسک) برازیل کے اعلیٰ سطح کے وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ وفد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق برازیل افواج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ کی قیادت میں وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
جی ایچ کیو آمد پر برازیل کے وفد کو مسلح افواج کے چاق چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ فریقین نے پاکستان اور برازیل کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
فریقین نے عسکری سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برازیل کے ساتھ دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایڈمرل ریناٹو نے پاک مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک مسلح افواج کی خدمات کا اعتراف کیا۔


